بھٹکل:5؍فروری (ایس اؤ نیوز) پٹرول، ڈیزل ، ایل پی جی سمیت ضروری اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے خلاف ویلفئیر پارٹی آف انڈیا اترکنڑا ضلعی شاخ نے بھٹکل میں جمعہ کو احتجاج کرتےہوئے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کے توسط سے صدرہند کے نام میمورنڈم سونپا۔
احتجاج کی قیادت کرتےہوئے ریاستی صدر ایڈوکیٹ طاہر حسین نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کےخلاف سخت تنقید کرتے ہوئےکہاکہ دونوں حکومتیں عوام کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہیں، روزمرہ کی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بڑھوتری کے خلاف عوام بیدار ہوں۔ جو بھی حکومت میں ہیں انہیں ہم نے عوامی مسائل کو حل کرنےکے لئے منتخب کیاتھا،عوام کے لئے مسائل پیدا کرنے کےلئے نہیں بھیجا تھا۔ انہوں نے کہاکہ جب تک پٹرول ، ڈیزل اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوگی تب تک ہم سخت احتجاج کرتے رہیں گے۔ یہ کسی پارٹی ، طبقے کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ عوام کی زندگی کا سوال ہے۔ پٹرول بنک پر جب کبھی ہم پٹرول کے لئےجاتےہیں تو وہاں ہم سے یہ نہیں پوچھا جاتا کہ تم بی جے پی کےہو یا کانگریس کے۔ وہاں صرف 100روپئے دیں گے تو ہی پٹرول ملتاہے اسی لئےہرایک کو بلا کسی پارٹی کی تفریق کئے بغیر احتجاج میں شریک ہونا چاہئے۔
صدرہند کے نام دئیے گئے میمورنڈم میں کہاگیا ہےکہ ملک کے 130کروڑ شہری ہر روز نت نئے مسائل سے دوچار ہورہے ہیں، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ٹریکٹر، بس ، لاری ، آٹو، ٹم ٹم جیسی سواریوں کے مالکان پریشانی میں مبتلا ہوکر اپنی سواریوں کو بیچنے کے درپے ہیں۔ جب مرکز میں من موہن سنگھ کی حکومت تھی تو اس وقت خام تیل کی قیمت 130ڈالر تھی اس کے باوجود اس وقت پٹرول کی قیمت 70روپئے تھی۔ اب جب کہ خام تیل کی قیمت 55ڈالر فی بیرل ہے تو پٹرول کی قیمت 90روپیوں سے زائد ہے۔ جس کے نتیجےمیں ترکاری ، پھل ، پھول کی پیداوار کرنےو الے کسانوں سے زیادہ سپلائی کرنےوالے فائدہ اٹھارہےہیں۔ اسی طرح پکوان گیس سلینڈر میں بھی لگاتار اضافہ کیا جارہاہے جس کے چلتے کھانےپینےکی چیزوں کی قیمتوں میں بڑھوتری ہونے سے عوام کے لئے کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ صدرہند فوری طورپر اس میں مداخلت کرتےہوئے پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیس سلینڈر کی قیمتوں میں رعایت کا اعلان کریں اور قیمتوں پر قد غن لگائے۔
اس موقع پر اترکنڑا ضلع صدر ڈاکٹر نسیم خان، جنرل سکریٹری آصف شیخ، نائب صدر شوکت خطیب، عبدالجبار اسدی ، انعم اعلیٰ ، اسلم ولکی ، عبدالماجد کولا سمیت کئی پارٹی کارکنان موجود تھے۔